پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ہیڈ آفس لاہور میں گریڈ 17 کے محمد یوسف (سپریٹینڈنٹ فنانس) کے اعزاز میں الوداعی تقریب۔
محمد یوسف کی پیف کے لیے تیس سالہ خدمات سنہری الفاظ میں لکھنے کے قابل ہیں: ایم ڈی پیف اسد نعیم
تقریب میں ایڈیشنل ڈائریکٹر افتخاراحمد ربانی کی والدہ مرحومہ کے لیے دعاے مغفرت بھی کی گئی۔
پیف ہیڈآفس لاہورمیں محمد یوسف (سپریٹینڈنٹ فنانس) کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر انکے لیے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ایم ڈی پیف اسدنعیم، ڈی ایم ڈی (سپورٹ سروسز) سید ساجد ترمذی، ڈی ایم ڈی (آپریشنز) شاہد اسماعیل مرزا، تمام پروگرام ڈائریکٹرز اور فنانس ڈیپارٹمنٹ کے تمام ممبران نے شرکت کی۔ اس موقع پر تمام ڈائریکٹرز نے محمد یوسف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور انکے اچھے مستقبل کے لیے دعائیں دیں جبکہ ڈائریکٹر فنانس زبیدالحسن نے محمد یوسف صاحب کی چار سالہ رفاقت کو یاد کرتے ہوئے انکے کام کرنے کی لگن، ایمانداری اور ادارے کے ساتھ وفاداری کی بے پناہ تعریف کی اور خاص طور پر انکے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ جب بھی وہ اپنے کام کو پایہ تکمیل تک پہنچاتے تھے تو انکی آواز میں ایک خاص ولولہ ہوتا تھا جس سے انکو اندازہ ہو جاتا تھا کہ جو ٹاسک یوسف صاحب کو دیا گیا تھا وہ احسن طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچ چکا ہے۔
الوداعی تقریب میں یہ بات بھی عیاں ہوئی کہ اپنے کیریئر کے تیس سالہ دور میں ایک دن بھی محمد یوسف دفتری اوقات سے ایک منٹ بھی لیٹ نہیں ہوئے۔جس پر تقریب میں بیٹھے تمام افسران نے تالیاں بجا کر انکوداد دی۔
ایم ڈی پیف اسد نعیم نے محمد یوسف کو پیف میں انکی تیس سالہ خدمات پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ آپ کے کام کرنے کی لگن اور آ فس کے لوگوں سے آپ کی محبت قابل دید ہے۔ آپ نے جس ایمانداری سے پیف کے لیے اپنے آپ کو وقف کیا اس پر تمام لوگون کو آپ پر فخر ہے۔
ڈی ایم ڈی (سپورٹ سروسز) ساجد ترمذی نے کہا کہ یوسف صاحب کے جانے سے پیف ایک قیمتی اثاثے سے محروم ہو جائے گا۔
تقریب کے اختتام پر ایم ڈی پیف اسد نعیم نے ایڈیشنل ڈائریکٹر افتخاراحمد ربانی کی والدہ کی وفات پر انتہائی دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انکے ایصال ثواب کے لیے تقریب میں شریک تمام افسران کے ساتھ ملکر سورہ فاتحہ اورسورہ اخلاص کی تلاوت کا اہتمام کیا۔اور اے ڈی یو کے ڈائریکٹر شفیق احمد نے مرحومہ کے درجات کی بلند ی کے لیے دعائے مغفرت کروائی۔
21 Jan 2021
Views: 61