Events Details
سندھ حکومت کے فرسٹ کامن ٹریننگ پروگرام کے 20 زیر تربیت افسران کا پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا دورہ
حکومتِ سندھ کے فرسٹ کامن ٹریننگ پروگرام سے تعلق رکھنے والے 20 زیرِ تربیت افسران نے اپنے نیشنل اسٹڈی ٹور کے سلسلے میں پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کا دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد پیف کے تحت تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اصلاحات، تعلیمی اقدامات اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے ذریعے مستحق بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے نظام کو سمجھنا تھا۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے وفد کا خیرمقدم کیا گیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن شاہد فرید نے شرکاء کو فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد، طریق کار اور صوبے میں مفت و معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے جاری اقدامات کے بارے میں بتایا۔ ایم ڈی پیف نے بتایا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت کام کر رہی ہے، جس کا بنیادی مقصد نجی شعبے کے اشتراک سے مستحق اور محروم طبقات کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ وفد کو پبلک سکولز ری آرگنائزیشن پروگرام (PSRP)، نواز شریف سکولز آف ایمننس (NSSE)، ایڈ ٹیک اے ایل پی پروگرام، فاؤنڈیشن اسسٹڈ سکولز (FAS) پروگرام، ایجوکیشن واؤچرسکیم (EVS) اور نیو سکول پروگرام کے اغراض و مقاصد اور طریق کار سے آگاہ کیا گیا۔ شرکاء کو بتایا گیا کہ ان پروگرامز کے ذریعے بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کرنے، تعلیمی معیار میں بہتری اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ اجلاس کے دوران سندھ حکومت کے زیر تربیت افسران نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی تعلیمی خدمات، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل اور صوبے میں تعلیمی اصلاحات کے لیے جاری کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے فاؤنڈیشن کے اقدامات کو تعلیمی شعبے میں بہتری اور معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے اہم قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر ایم ڈی پیف نے وفد کے شرکاء کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور دورے کی یادگار کے طور پر گروپ فوٹو بھی لیا گیا۔
Views: 0

