Events Details
ڈائریکٹر ریجنل آفس راولپنڈی نوید عباس کا نواز شریف سکول آف ایمیننس چکوال کا دورہ، تعلیمی سرگرمیوں اور سہولیات کا جائزہ
پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن (پیف) کے ڈائریکٹر ریجنل آفس راولپنڈی نوید عباس نے نواز شریف سکول آف ایمیننس چکوال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر صائمہ نذیر بھی ان کے ہمراہ تھیں۔ دورے کا مقصد سکول میں تعلیمی معیار، تدریسی سرگرمیوں، نظم و ضبط، صفائی ستھرائی اور طلبہ و طالبات کو فراہم کی جانے والی بنیادی تعلیمی سہولیات کا جائزہ لینا تھا۔ دورے کے ڈائریکٹر ریجنل آفس راولپنڈی نے سکول میں جاری تعلیمی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا اور اساتذہ کرام سے ملاقات کرکے تدریسی عمل، طلبہ کی تعلیمی کارکردگی اور کلاس رومز میں اختیار کیے جانے والے طریقہ ہائے تدریس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے طلبہ و طالبات سے بھی ملاقات کی، ان سے تعلیمی سرگرمیوں اور سیکھنے کے تجربات کے بارے میں گفتگو کی۔ معائنے کے دوران طلبہ و طالبات کی بروقت آمد، کلاسز کے مقررہ وقت پر آغاز، نظم و ضبط اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ سکول کے کلاس رومز پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مقررہ معیارات کے مطابق برقرار پائے گئے، جبکہ تمام اساتذہ کرام اپنی ڈیوٹی پر موجود تھے۔ اس موقع پر کمپیوٹر اور سائنس لیبارٹریز میں دستیاب آلات اور تعلیمی سہولیات کا بھی معائنہ کیا گیا۔ دورے کے دوران سکول میں ریڈ ڈے (Red Day) کی سرگرمیاں بھی جاری تھیں، جن میں اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات بھرپور انداز میں شریک تھے۔ ان سرگرمیوں کے ذریعے مطالعے کی عادت کو فروغ دینے، طلبہ کی تعلیمی دلچسپی بڑھانے اور عملی مشقوں کے ذریعے سیکھنے کے عمل کو مؤثر بنانے کی کوششوں کا مشاہدہ کیا گیا۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے تحت قائم نواز شریف سکول آف ایمیننس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق طلبہ و طالبات کو جدید تعلیمی سہولیات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان سکولوں کا مقصد معیاری تعلیم تک رسائی کو یقینی بنانا اور طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے، جہاں سمارٹ کلاس رومز، کمپیوٹر و سائنس لیبارٹریز اور دیگر جدید تعلیمی سہولیات کے ذریعے بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں، عملی مہارتوں اور تعلیمی استعداد کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
Views: 0

